تحریر : طارق عمر چوہدری
26 جولائی 1887ء کو دنیا بھر میں اسپرانتو زبان کا عالمی دن منایا جاتا ھے ۔ اس دن اسپرانتو سکھانے کی پہلی ریڈنگ بک “Unua Libro” شائع ہوئی تھی ۔ اسپرانتو کو رابطے کی زبان کے طور پر بنایا گیا ہے ۔ اسپرانتو دنیا کی واحد زبان ہے جو غیر جانبدار ہے ۔ یہ کسی قوم یا ملک کی سرکاری زبان نہیں ہے ۔ اس لئے یہ ہر قسم کے تعصب اور جانبداری سے پاک ہے ۔
اسپرانتو کی تخلیق پولینڈ کے ایک ماہر لسانیات ڈاکٹر ذامن ہوف نے کی ۔ اس زبان کے قواعد ، حروف تہجی ، تلفظ اور گرائمر کو آسان ترین رکھا گیا ہے ۔ ذخیرہ الفاظ پندرہ مختلف زبانوں سے لیا گیا ہے ۔ دنیا بھر میں اسپرانتو کو دوستی ، امن اور بھائی چارے کی زبان کی شناخت ملی ہے ۔ لسانیات کی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسپرانتو جاننے والوں کیلئے دوسری زبانوں کو سیکھنا 6 گنا آسان ہو جاتا ہے ۔
دنیا بھر میں مختلف قوموں اور ملکوں کے درمیان اکثر جھگڑے لسانی بنیاد پر پیدا ہوتے ہیں ۔ ایک قوم دوسری قوم سے زبان کی بنیاد پر نفرت کرتی ہے ۔ یہ لسانی تعصب پوری دنیا میں موجود ہے ۔ مشرقی اور مغربی پاکستان کی تقسیم بھی زبان کے اختلاف کی وجہ سے ہوئی ۔ پاکستان میں سرکاری زبان اردو ہے لیکن حکومت انگریزی کو استعمال کرتی ہے ۔ عوام میں پنجابی ، سندھی ، پشتو ، بلوچی ، سرائیکی ، کشمیری اور دیگر زبانیں بولی جاتی ہے ۔
اسپرانتو کا عالمی دن کیوں اہم ہے ؟
اسپرانتو زبان بولنے والے اس دن کو دنیا بھر کی ثقافتوں ، لوگوں کے درمیان منصفانہ تعلقات اور لسانی انصاف کے طور پر منانے ہیں ۔ اسپرانتو جاننے والے ہر کسی کو اپنی مادری زبان میں بات کرنے اور اس کو فروغ دینے کے حق میں ہیں ۔ زبانوں کا اختلاف لوگوں کو سیاست ، تعلیم ، تجارت اور سماجی زندگی کے بہت سے دوسرے پہلوؤں میں حصہ لینے سے روکتا ہے ۔ اس اختلاف سے لوگوں کے درمیان سماجی و اقتصادی عدم مساوات کو تقویت ملتی ہے ۔
دنیا بھر کے لوگوں کو متحد کرنے کے لیے رابطے کی زبان کی ہمیشہ سے ضرورت رہی ہے ۔ اس ضرورت کے تحت بہت سی زبانیں بنائی گئیں ۔ ان میں اسپرانتو کی تخلیق سب سے بہتر محسوس کی گئی ۔ اسپرانتو کو بول کر لوگ خوشی محسوس کرتے ہیں ۔ اسپرانتو اپنی تخلیق کی دوسری صدی میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ اسپرانتو کو سرحدوں سے باہر امن محبت اور باہمی افہام و تفہیم کی روشنی کا نام دیا جاتا ہے ۔ اخوت اور محبت کی اس روشنی کی آج کی دنیا کو بہت ضرورت ہے ۔ اس روشنی کو مستحکم اورمضبوط ارادوں سے پھیلانے کی ضرورت ہے ۔ اسپرانتو کا عالمی دن منانے سے ہمیں یاد رہتا ہے کہ زبان برابری اور رابطے کا ذریعہ ہوتی ہے ، اسپرانتو کمیونٹی نے تعلیم ، موسیقی، سفر ، انٹرٹینمنٹ، ثقافت اور مشترکہ نظریات کے ارد گرد ایک منفرد پہچان بنائی ہے ۔ اسپرانتو ڈے کی تقریبات میں شرکاء آپس میں ملتے ہیں ، اس زبان میں بات کرتے ہیں ، اور خود کو محبت کی عالمی تحریک کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں ۔
اسپرانتو زبان مختلف ثقافتوں کے درمیان ایک پل کا کام کرتی ہے۔ اسپرانتو نے 138 سال میں ثابت کیا ہے کہ یہ ایک زندہ زبان ہے اور مختلف النسل اقوام کے ساتھ رابطے کی بہترین کاوش ہے۔ اسپرانتو نے یہ بھی ثابت کیا ہے کہ تخلیقی صلاحیتوں پر کسی ایک ملک کی اجارہ داری ممکن نہیں ۔ عالمی برادریاں نظریات کی بنیاد آپس کے روابط تشکیل دے سکتی ہیں ۔ اسپرانتو آن لائن اور ذاتی اجتماعات میں سیکھنے والوں کو بھائی چارے میں جوڑتی ہے ۔ اسپرانتو اپنے خالق ذامن ہوف Zamenhof کے نظریئے اتحاد ، امن اور بھائی چارے کے وژن کو زندہ رکھتی ہے۔
اسپرانتو جاننے والے اس عالمی دن کو کیسے مناتے ہیں ؟
اسپرانتو زبان کو نئے سیکھنے والوں کیلئے ایک آسان طریقہ منتخب کیا جاتا ہے ۔ اسپرانتو کے حروف تہجی ، قواعد اور چند فقرے سیکھا کر انہیں
عام گفتگو میں استعمال کرایا جاتا ہے ۔ تلفظ اور بول چال کیلئے اسپرانتو کی مختصر ویڈیو دی جاتی ہیں ، بچوں کی مختصر کہانیاں پڑھائی جاتی ہیں ۔ اس سے آپ محسوس کریں گے کہ چند منٹ بھی کافی معنی خیز نکلے ہیں۔
اسپرانتو سیکھنے کیلئے مقامی یا آن لائن میٹنگ میں شامل ہوں۔ بہت سے شہروں میں 26 جولائی کو غیر رسمی اسپرانتو کیفے یا ثقافتی تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔ اگر آپ شرکت نہیں کر سکتے، تو EsperantoDay# کا استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا گروپس میں پیغام یا پوسٹ بھیجیں ۔ یہ عالمی برادری کے ساتھ یکجہتی اور تجسس شیئر کرنے کا ایک چھوٹا سا طریقہ ہے۔ چند سادہ اسپرانتو جملے سیکھیں اور احباب سے شیئر کریں ۔ اسپرانتو احباب سے ملاقاتیں رکھیں یا آن لائن چیٹ میں شامل ہوں۔ کمیونٹی کے ساتھ جڑنے کے لیے آن لائن اسپرانتو پوسٹ کریں۔ اسپرانتو پوڈ کاسٹ سنیں۔ اسپرانتو زبان میں مختصر کہانیاں یا خبر کا ٹکڑا پڑھیں ۔
ابتدائی کورس کیلئے کتابیں بھی فراہم کی جاتی ہیں ۔ اسپرانتو لائبریری میں دنیا بھر میں چھپنے والی اسپرانتو کی کتب کا ایک ضخیم ذخیرہ موجود ہے ۔ نئے ساتھی ان سے بھی استفادہ کرتے ہیں ۔